آپریشن
تحریر
محمد عارف عرفی
آپریشن ، آپریشن آپریشن ہر طرف “سٹیٹس کو” کے “بینفشری” طبقات یہ ہی گردان کرتے نظر آرہے ہیں ۔ میری جملہ ہم وطنوں سے درخواست ہیکہ آپ نے صرف سنا ہیکہ آپریشن ہوا ۔ آپ نے نہ تو آپریشن دیکھا ہے اور نہ اس کے مضمرات سے متاثر ہوئے۔
یاد رکھیئے ! آپریشن کرنے والے ایک منظم طاقت ہوتے ہیں ان کا نہ تو کسی آپریشن زدہ علاقے سے تعلق ہوتا ہے اورنہ کوئی جڈباتی تہذیبی یا تمدنی رشتہ ۔ انہوں نے بس مارنا اور مرنا سیکھ رکھا ہوتا ہے باقی آپریشن زدہ علاقے میں کیا ہوتا ہے؟ اس سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہوتا ۔
سوچتا ہوں ہم وہ بدقسمت لوگ ہیں جن کے مقدر میں یہی لاحاصل جنگیں لکھ دی گئی ہیں ایسی جنگیں جنہیں ہم خود ” آبیل مجھ مار” کہہ کر خود پر مسلط کرتے ہیں اور پھر عمر بھر اس کا نتیجہ بھگت کر اپنی آنے والی نسلوں کی زندگیوں کو جہنم زار بنا نے ہر تلے نظر آتے ہیں ۔
ہم صرف موجودہ صدی کی ایسی ہی ” آ بیل مجھے مار ” والی جنگوں پر ایک طائرانہ نظر ڈالتے ہیں اور جانتے ہین کہ آپریشن کے مقاصد کس حد حاصل ہوئے؟ ۔
آپریشن المیزان (2002 – 2006) ہم نے جنوبی وزیرستان میں آپریشن شروع کیا یہ غالبا پہلا بڑا آپریشن تھا جس میں فوج کو پہلی بار قبائلی علاقوں میں شدید مزاحمت کا سامنا ہوا۔ علاقے کلیئر کرنے کے بعد 2004 اور 2006 میں مقامی قبائل سے امن معاہدے ہوئے جو اس آپریشن کے دوران بوئی گئی نفرت کے سبب کامیاب نہ ہوئے۔ پھر ہم نے آپریشن راہ حق اور راہ راست (2007 – 2009) سوات، بونیر، شانگلہ
میں شروع کیا۔ مولوی فضل اللہ سے سوات پر قبضہ تو چھڑا لیا تاہم تقریباً 20 لاکھ لوگوں کو سوات سے نکلنا پڑا، یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی نقل مکانی ہوئی علاقےکا سوشل فیبرک اور اعتماد ، خاندانی اور معاشرتی نظام بری طرح مسخ ہو گیا ۔
صورت حال اب بھی یہ ہیکہ شہری علاقوں مین بظاہر امن ہے لیکن عملا معاملہ الٹ ۔ میں بذات خود 2024 کے الیکشن کے دوران ملالہ یوسف زئی کے سکول میں قائم پولنگ سٹیشن پر طالبان کی عمل داری کی وجہ سے کیمرہ تک آن نہیں ۔ کر سکا تھا ۔ اور ابھی تک ملالہ بھی شاید اسی لئے واپس اپنے گھر رہائش اختیار کرنے کی جرات نہیں کر سکی۔
آگے چلتے ہیں 2002 والے آپریشن اور علاقہ کلیئر ہونے کے بعد پھر ہمیں آپریشن راہ نجات (2009) کے نام سے دوبارہ جنوبی وزیرستان میں آپریشن کرنا پڑا ۔ پھرلاکھوں لوگ بے گھر ہوئے۔ معاشی و معاشرتی نظام بندوقوں نے چھلنی کر کے رکھ دیا ۔ صدیوں کا قائم معاشرتی ڈھانچہ رسم و رواج اور تمدنی ورثہ صفحہ ہستی سے مٹ گیا۔ ابھی یہ آپریشن اختتام پذیر ہوا ہی نہیں تھا کہ ہم نے ایک مرتبہ پھر آپریشن ضرب عضب (2014 – 2016) کے تحت شمالی وزیرستان میں ظالموں کے ٹھکانوں کو ملیا میٹ کر کے رکھ دیا یہ یہاں تیسرا بڑا آپریشن تھا ۔ 10 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے نقل مکانی کی۔ اس کے بعد یوں ہوا کہ اس عفریت نے پورے پاکستان کا رخ کرلیا اور ہم آپریشن ردالفساد (2017 ) لیکر پورے ملک میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشن کرنے میں جت گئے ہزاروں چھاپے مارے گئے، اسلحہ برآمد ہوا۔ پھر اس آپریشن کی کوکھ سے آپریشن عزم استحکام (2024 ) نے جنم لیا پورا پاکستان، خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں یہ آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔
اس سے انکار ممکن نہیں کہ فورسز اور سولیئن کی قربانیاں رنگ لے آئیں اور بڑے شہروں میں مار ماری بہت کم ہوئی، سوات جیسے علاقے دوبارہ پر امن ہو گئے، فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام ہوا (2018)۔ لیکن ان آپریشنز کے نتیجہ میں لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے، وادی تیرہ کی صورت حال کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کئی علاقوں میں اسکول، اسپتال اور گھر تباہ ہوئے، مقامی لوگوں میں فورسز اور ریاست سے شکایات بھی پیدا ہوئیں، اور نئے مزاحمتی گروپس پیدا ہونا شروع ہوگئے جبکہ معیشت پر اربوں روپے کا ناروا بوجھ پڑا۔
اچھا یہ سب ہوجانےکے بعد بھی کیا امن آ گیا؟ جی نہیں ۔۔۔ چوتھائی صدی ، بلکہ پوری کی پوری ایک زندگی گزر گئی ۔ لیکن پورا امن نہیں آیا، عارضی وقفہ پھر دوبارہ خرابی ہی آئی۔ ظالم اور ظلم پورے پاکستان میں پھیل گئے اور آپریشن کا دائرہ بھی پورے پاکستان میں پھیل گیا۔ اس کے دعوے کی اقرار اور انکار میں ہزاروں دلیلیں تاویلیں اور بحث ومباحثہ کیا جا سکتا ہے۔ لیکن سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ پائیدار امن قائم ہو گیاکیا ؟
2002 میں آپریشن صرف ایک ضلع میں تھا 2009 میں سوات + وزیرستان میں تھا 2017 میں ردالفساد پورے پاکستان میں کرنا پڑا 2024 سے عزم استحکام پورے پاکستان میں جاری ہے ۔ یعنی جیسے جیسے آپریشن بڑھا بے امنی کا سلسلہ رکنے کے بجائے اک جگہ سے دوسری جگہ تک جا پھیلا ، ویسے ویسے آپریشن کا دائرہ بھی پورے پاکستان تک پھیل گیا۔ جیسے “غبارے کو دبانے” والا معاملہ بن گیا، ایک جگہ دبایا تو دوسری جگہ سے نکل آیا۔
اب آتے ہیں اس کی قیمت ہر پاکستانی نےکیسے ادا کی۔
حکومت پاکستان کا تخمینہ (Economic Survey 2017-18) کے مطابق 2001 سے 2018 تک کل نقصان 126 ارب ڈالر – تقریباً 35 ہزار ارب روپے اس میں براہ راست فوجی خرچہ + بالواسطہ نقصان دونوں شامل ہیں۔ جبکہ ماہر معاشیات ڈاکٹر حفیظ پاشا کا تخمینہ اس سے بلکہ مختلف ہے ان کا دعوی ہیکہ کل نقصان 252 ارب ڈالر، جو پاکستان کی پوری معیشت کے 93% کے برابر ہے۔
صرف ایک آپریشن ضرب عضب اور IDPs پر خرچہ 1.3 ارب ڈالر تک پہنچنے کا بتایا گیا تھا۔ حکومتی اعداد شمار کے مطابق ضرب عضب کے لیے فوج کو 152 ارب روپے، قانون نافذ کرنے والوں کو 67 ارب روپے، اور IDPs کی بحالی کے لیے 45 ارب روپے خرچ ہوئے جبکہ امریکہ نے اس کے بدلے میں کل 33 ارب ڈالر دیے، جو نقصان کے مقابلے میں 8 گنا کم ہیں۔
صرف ئہیں قیمت نہیں بلکہ آپریشن کے نتیجہ میں 50 لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہوئے۔ صرف سوات میں 25 لاکھ، ضرب عضب میں 11 لاکھ لوگوں کو گھر چھوڑنا پڑا۔ دوسری طرف اس جنگ کی وجہ سے پاکستان کی سرمایہ کاری GDP کے 22.5% سے گر کر 13.4% پر آ گئی، پاکستان کی برآمدات 42.7 ارب ڈالر سے کم ہوکر ، 20 ارب ڈالر پر پہنچ گئیں۔
یہ تو تھی عام شہری کے وسائیل پر بوجھ کی تفصیل آپ تصور فرمائیں 70,000 سے زیادہ لوگ مارے گئے، جن میں 35% عام شہری تھے۔ یہ بہت بڑی تعداد ہے یہ 70 ہزار افراد نہیں 70 ہزار خاندان ہیں۔
اس بڑی جانی و مالی قربانی کے باوجود آپریشنز نے وقتی طور پر بظاہربڑے شہروں کو تو بچا لیا، لیکن مسئلہ جڑ سے ختم پھر بھی نہیں ہوا۔ اس لیے 22 سال بعد بھی ہم وہیں کھڑے ہیں بہان سے چلے تھے بلکہ شاید کئی دھائیاں پیچطے پہنچ چکے ہیں ، اس کی قیمت عام آدمی نے اپنی دکان، اپنا گھر، اور اپنی جان دے کر ادا کی ہے۔ اور اس سب کے باوجود ہم اب بھی ایک اور آپریشن کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ آزادجموں کشمیر قانون ساز اسمبلی مسلح جتھوں کا نام استعمال کر کے اپنے گھر بار معاشرت معیشت تہذیب وتمدن پر خود کش حملے کی مرتکب ہو رہی ہے ۔ اسلحہ برداروں کو بارود برسانے کی دعوت دیتے ہوئے ہوئے قرار داد پاس کرتی ہے۔ وہ بھی متفقہ اور ایسی متفقہ کہ اجلاس میں رائے شماری مے دوران سپیکر چوہدری طارق فاروق فرماتے ہیں کہ ہر ایک ممبر کو اوپر والا کیمرہ دیکھ رہا ہے کس نے ہاتھ اٹھایا ہے اور کس نے نہیں۔ ایسا کیمرہ ہاتھ دیکھتا بھی ہے اور وہ ہاتھ دکھاتا بھی ہے ۔
بطور پیس ایکٹیوسیٹ اور کانفلکٹ ٹرافارمیشن سٹڈیز کے طالبعلم کی حیثئت سے عرض ہیکہ ہمیں پہیہ دوبارہ ایجاد کرنے کے بجائے دنیا میں پہلے سے موجود پہیے سے استفادہ کرنا چاہیئے ۔ سے سبق حاصل کرلیں تو دنیا میں چند مثالیں ہی امن قائم کرنے لئے بہت کافی ہیں ۔
شمالی آئرلینڈ میں اپنی فیلو شپ کے دوران بہت کچھ سیکھنے کو ملا جس میں سب سے اہم یہ تھا ایک باقاعدہ فوج آئرش ریپبلکن آرمی کو جس نے 30 تک برطانیہ کو تگنی کا ناچ نچایا سینکڑوں لوگ جان سے گئے ان کوبھی بالاخر برطانیہ مذاکرات کی ٹیبل پر لے آیا۔ 1998 میں Good Friday Agreement ہوا۔ آئرش ریپبلکن آرمی نے ہتھیار ڈال دیے، بدلے میں ان کو حکومت میں حصہ دیا گیا۔ آج شمالی آئرلینڈ میں مکمل امن ہے، کوئی آپریشن نہیں ہو رہا۔
کولمبیا میں Fuerzas Armadas Revolucionarias de Colombia جو کولمبیا کا سب سے بڑا بائیں بازو کا گروپ تھا، جو 1964 میں بنا تھا۔ اس کا دعویٰ تھا کہ وہ غریب کسانوں کے حقوق کے لیے لڑ رہا ہے، اور کولمبیا میں زمین کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف ہے۔ FARC
نے 52 سال تک حکومت کے خلاف جنگ لڑی، 2 لاکھ 20 ہزار لوگ مارے گئے۔ حکومت نے 4 سال تک کیوبا میں مذاکرات کیے۔ 2016 میں امن معاہدہ ہوا 7,000 جنگجوؤں نے ہتھیار ڈال دیے، ان کو زمین، نوکری اور سیاست میں آنے کا موقع دیا گیا۔ آج FARC ایک سیاسی پارٹی ہے، جنگجو گروپ نہیں۔
دور مت جائیں انڈونیشیا کے صوبہ ” آچے” کا مسلہ لے لیں آچے میں علیحدگی پسند گروپ GAM نے 30 سال جنگ لڑی۔ انڈونیشیا کی فوج نے بہت آپریشن کیے، لیکن امن نہ آیا۔ امن کیسے آیا 2004 میں سونامی آیا تو دونوں فریقوں کو احساس ہوا کہ لڑائی سے کچھ نہیں ملے گا۔ 2005 میں مذاکرات کی ٹیبل پر آئے اور امن معاہدہ ہوا۔ حکومت نے آچے کو داخلی خود مختاری دی، وہاں کے وسائل کا 70% حصہ وہیں رکھنے دیا، اور اسلامی قانون نافذ کرنے کی اجازت دی۔ آج آچے انڈونیشیا کا سب سے پرامن صوبہ ہے۔
فلپائن میں مینداناؤ
کے مسلمان گروپ MILF نے 40 سال تک جنگ لڑی۔ فلپائن نے ان کے لیے Bangsamoro نام کا خود مختار علاقہ بنا دیا۔ ان کو اپنی پارلیمنٹ، اپنا بجٹ اور اپنی پولیس دے دی۔ کل کی بات ہے 2019 میں ریفرنڈم ہوا، لوگوں نے امن کے حق میں ووٹ دیا۔ ان چنس مثالوں میں 3 چیزیں ایک جیسی تھیں، جو پاکستان میں نہیں ہوئیں ۔ مذاکرات کو عزت دی گئی دشمن کو “دہشت گرد” کہہ کر دروازہ بند نہیں کیا، بلکہ بات کی۔ معاشی پیکج دیا گیا ہتھیار ڈالنے والے کو نوکری، زمین، کاروبار دیا، صرف جیل نہیں دی۔مقامی خود مختاری دی گئی مقامی لوگوں کو لگا کہ یہ ان کی اپنی حکومت ہے، باہر سے مسلط کی گئی نہیں۔ جبکہ ہمارے ہاں سلسلہ کچھ یوں رہا پاکستان میں ہر بار یہ پیٹرن رہا کہ آپریشن ۔۔۔۔ علاقہ خالی ۔۔۔۔۔۔ کچھ سال امن ۔۔۔۔۔۔ پھر وہی گروپ واپس ۔
تمام دنیا کا تجربہ یہ کہتا ہے بندوق سے علاقہ خالی ہوتا ہے، امن صرف “ری کنسی لیشن ” سے ہی آتا ہے۔ مگر ہم کیوں یہ سمجھنے کے لئے مزید نصف صدی چاہتے ہیں ؟ کیا 24 یا 25 سال کافی نہیں ہیں ؟
ہم پھر واپس آزاد جموں کشمیر اسمبلی کی قرار داد پر آتے ہیں جہاں قرار داد پاس ہوتی ہے کہ مسلح جتھوں کو بندوق سے کچل دیا جائے ۔ اس بحث مین جائے بغیر کہ افغانستان سے راولاکوٹ تک کس کی انتظامیہ ہے؟ وہاں پر مبینہ طور پر اسلحہ اور مسلح جتھے کیسے پہنچے ؟ کون مواصلات اور راستوں کو کنٹرول کرتا یے؟ اور دنیا کی نمبر ون صلاحیت کی موجودگی میں ایسا کیسے ممکن ہوا؟ بلکہ دوسرے لفظوں میں ایک ایسے اعلی ترین ادارے پر ناکامی کا الزام بھی تسلیم کرتے ہوئے مان لیا جائے کہ وہاں مسلح جتھے پہنچ گئے ہیں ، شروع کیجیئے بلکل بندوق میں طاقت ہے ریاست کی طاقت سے انکار ممکن نہیں لیکن سوچیئے یہ آپریشن یہان ختم ہو پائے گا کیا ؟ ۔ راولاکوٹ سے نقل مکانی پھر جہان جہان فورسز کے کیمپ ہیں یا بنیں گے کیا وہ جگہیں کبھی دوبارہ واپس معمول پر آپائیں گی؟ سوچیئے اگر 2002 والے آپریشن سے منتشر بندوق بردار جنگ پورے پاکستان میں پھیل سکتی ہے تو کیا یہاں ایسی صورت حال جنم نہیں لے گی ؟ ۔ آپریشن کے بعد کیا ہوگا۔ آپریشن کرنے والے اپنا کام کرکے اپنےگھروں کو روانہ ہو جائیں گے ریٹائرڈ ہو جائیں کوئی کہیں دوسری ٹرانسفر ہو کر یا بڑا افسر بم کر چلا جائے گا ۔ ان کی جگہ دوسرے اہلکار لے لیں گے لیکن تمہارے لوگوں کا کیا بنے گا ؟ 2002 میں آپریشن کرنے اور کرانے والے اب کہاں ہیں ؟ لیکن آپریشن ہے کہ ختم ہی نہیں ہو پارہا۔ ہوش کے ناخن لیں اوپر والے کیمرے کی ناراضگی مول لیں اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے ۔یاد رہے جائز ناجائز مطالبے کی بحث مین جائے بغیر 5 ماہ سے راولاکوٹ میں جاری دھرنے کے مطالبات پر 2 ارب روپے بھی شاید اخرجات نہیں ہوں گے۔ جبکہ اب تک ان کے مطالبات رد کرنے پر اندازہ 7 سے 8 ارب تک خرچہ ہو چکا ہے ۔ جبکہ ہر دو جانب سے انسانی جانوں کا جو نقصان ہوا وہ نا قابل تلافی ہے۔ بھائی کے ہاتھوں بھائی کی جان جانا سینہ پھٹا جاتا ہے ۔
مصنف کے بارے میں
تازہ ترین خبروں
رائے11/26/2026آپریشن
خبریں10/30/2026آزادکشمیر، باغ اسرار دھماکہ ایک ہی گھر کی 3خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق
رائے10/23/2026اکتوبر 1947: بارہ مولا کے سینٹ جوزف ہسپتال کا خونی المیہ اور ڈائکس خاندان کی داستانِ بقا
رائے10/23/2026اکتوبر 1947 کا قبائلی حملہ: وہ تاریخی موڑ جس نے خطۂ کشمیر کو مستقل تنازع اور تقسیم کی آگ میں جھونک دیا
