کشمیریوں نے مقبول بٹ کی باقیات کی واپسی کا مطالبہ کر دیا
مظفرآباد (کی نیوز)
جموں کشمیر میں مسلح جدو جہد کے بانی گوریلا کمانڈر محمد مقبول بٹ کی پھانسی کو 41 سال مکمل ہو نے پر کنٹرول لائن کے دونوں اطراف پاکستان اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے احتجاجی جلسے جلوس اور مظاہروں کرکے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کیا ہے کہ بھارت مقبول بٹ کا جسد خاکی اور دیگر باقیات واپس کرے۔
آج سے ٹھیک 41 سال قبل 11فروری 1984کو بھارت نے مقبول بٹ کو برطانیہ میں قتل ہونے والے ایک سفارتکار کے قتل کے الزام میں پھانسی دینے کے بعد جیل میں ہی دفن کر دیا تھا قتل کے وقت مقبول بٹ نا ہی برطانیہ میں تھے اور نا ہی کبھی مقبول بٹ نے اس قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا
مقبول بٹ کے یوم شہادت پر پاکستان کے زہر انتظام کشمیر میں مختلف تقریبات اور مظاہروں کا انعقاد کیا گیا نیشنلسٹ تنظیموں کے اتحاد وطن دوست اتحاد نے لال چوک مظفرآباد میں جلسہ عام کا انعقاد کیا جلسہ میں مختلف علاقوں سے لوگ جلوسوں کی شکل میں جلسہ گاہ تک پہنچتے رہے
مظفرآباد میں پریس کلب کے باہر محاذ استقلال کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ پریس کلب میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا
پونچھ ڈویژن کے صدر مقام راولاکوٹ ،ہجیرہ میں احتجاجی ریلیاں احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
ضلع باغ میں نکالی گئی ریلی میں بڑی تعداد میں شہریوں اور تاجروں نے شرکت کی
میرپور ڈویژن کے ضلع کوٹلی تتہ پانی ،بھمبر اور میر پور کے مختلف مقامات پر بھی ریلیاں نکالی گئیں
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئی سرینگر سمیت دیگر علاقوں اور مقبول بٹ کے آبائی ضلع کپواڑہ میں برفباری کے دوران نکالی گئی ریلی میں خواتین نے بھی شرکت کی
قوم پرست تنظیموں کے احتجاج میں خود مختار کشمیر کے حق میں نعرہ بازی کی گئی جبکہ ہر مقام پر منعقدہ تقریبات میں مقررین نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ مقبول بٹ کا جسد خاکی اور باقیات واپس کی جائیں تاکہ مقبول بٹ کو سرینگر کے اس قبرستان میں تدفین کی جائے جہاں چار دھائیوں سے ایک قبر تیار کرکے مقبول بٹ کیلئے مختص کر رکھی ہے اور قبر پر ان کے نام کا کتبہ بھی آویزاں کیا گیا ہے
بیرون ممالک مظاہرے
لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے بڑی تعداد میں جمع ہوکر لوگوں نے احتجاج کیا مظاہرین نے مقبول بٹ کی تصاویر بھی اٹھا رکھے تھے برمنگھم میں بھارتی کونسلیٹ کے سامنے جموں کشمیر نیپ کے زیر اہتمام احتجاج مظاہرہ کیا گیا ۔ امریکہ واشنگٹن ،نیویارک سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے کئے گئے